سندھ ہائی کورٹ کا ٹی ایم سی ابراہیم حیدری کے چھ افسران کو معطل کرنے کا حکم

کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں ٹی ایم سی گڈاپ اور ابراہیم حیدری کے درمیان ٹیکس وصولی کے تنازع سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے توہینِ عدالت کی درخواست پر ٹی ایم سی ابراہیم حیدری کے چیئرمین سمیت چھ افسران کو معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔معطل کیے گئے افسران میں ٹاؤن میونسپل کمشنر، ڈائریکٹر ٹیکس، ڈپٹی ڈائریکٹر، ٹیکس آفیسر اور ایک کنٹریکٹر شامل ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت پہلے ہی حکم دے چکی تھی کہ ٹیکس وصولی کا معاملہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے سامنے پیش کر کے حل کیا جائے، تاہم اس کے باوجود ٹی ایم سی ابراہیم حیدری نے جامشورو کے قریب چنگی قائم کر کے غیر قانونی طور پر ٹیکس وصولی جاری رکھی۔عدالت نے ٹاؤن انتظامیہ کے افسران کو توہینِ عدالت کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کر لی ہے۔