سکھر: سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر نے پولیس کانسٹیبلز کی بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی اور گھوٹکی، سکھر اور خیرپور اضلاع کے امیدواروں کے دوبارہ انٹرویوز لینے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر نئی میرٹ لسٹ تیار کرکے عدالت میں جمع کرائی جائے۔سماعت جسٹس ذوالفقار علی سانگی اور جسٹس ریاضت علی ساہڑ پر مشتمل آئینی بینچ نے کی۔ یہ درخواستیں گھوٹکی، سکھر اور خیرپور کے آئی بی اے ٹیسٹ پاس امیدواروں کی جانب سے دائر کی گئی تھیں جنہوں نے میرٹ کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔عدالت میں آئی جی سندھ پولیس کی نمائندگی ڈی آئی جی اسپیشل برانچ کراچی شیراز علی نے کی، جبکہ درخواست گزاروں کے وکلا شبیر شر، ظفر شاہ، بدرالدین میمن، شیراز فضل اویسی، اعجاز سپرا اور دیگر وکلا موجود تھے۔سماعت کے دوران عدالت نے سکھر ڈویژن میں کانسٹیبلز کی حالیہ بھرتیوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ہدایت دی کہ آئی بی اے کے ذریعے تحریری امتحان پاس کرنے والے امیدواروں سے ایک ماہ کے اندر دوبارہ انٹرویو لیے جائیں اور نئی میرٹ لسٹ تیار کی جائے، جس کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں۔
