شہباز شریف کا ملائیشیا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا اعلان

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
پیر کے روز اپنے سرکاری دورہ ملائیشیا کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور عوام کی گرمجوشی سے مہمان نوازی پر گہری تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔پرڈانہ پترا کمپلیکس میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے تجارت، تعلیم اور علاقائی امن میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ “ملائیشیا ہمارے لیے دوسرے گھر کی طرح ہے، یہاں بہت مثبت بات چیت ہوئی، دوطرفہ تعلقات اور بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو ہوئی اور اہم معاملات پر اتفاق رائے پایا گیا۔”انہوں نے کہا کہ انور ابراہیم کا دورۂ پاکستان یادگار تھا اور پاکستان ملائیشیا کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کا خواہش مند ہے۔ اس وقت ڈیڑھ لاکھ پاکستانی ملائیشیا کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ “ہمارے ملک کی بڑی تعداد میں طلبہ ملائیشیا میں تعلیم حاصل کر رہی ہے۔ پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، حلال گوشت کی تجارت کو وقت کے ساتھ مزید بڑھائیں گے۔”
اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں اور خطے کے استحکام کے لیے پاک بھارت امن انتہائی اہم ہے۔