سندھ کابینہ کا اجلاس، گندم اجرا پالیسی 2025-26 اور متعدد اہم فیصلوں کی منظوری

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں گندم اجرا پالیسی 2025-26 سمیت متعدد اہم فیصلوں اور پالیسیوں کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے چھوٹے کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کو مدِنظر رکھتے ہوئے گندم اجرا کی منظوری دی۔ اس پالیسی کا مقصد آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنا اور عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے،وزارتِ خوراک کے مطابق 1.265 ملین میٹرک ٹن گندم فلور ملز اور چکیوں کو جاری کی جائے گی، جب کہ 100 کلوگرام گندم کی بوری 9,500 روپے میں فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس پالیسی سے عوامی فائدہ یقینی بنایا جائے،اجلاس میں سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ (SEDF)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسرِنو تشکیل کی منظوری بھی دی گئی۔ بورڈ کا چیئرمین وزیر، مشیر یا معاونِ خصوصی ہوگا، جب کہ آزاد اراکین کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی،کابینہ نے سندھ سینئر سٹیزن کونسلکی تیسری مدت کے لیے ازسرِنو تشکیل کی منظوری دی، جو بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات تجویز کرے گی۔ اس کے علاوہ لیفٹ بینک آؤٹ فال ڈرین (LBOD) کے 78 ملازمین کو مستقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی،اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان اسٹیل ملز نے اپنے تعلیمی ادارے سندھ حکومت کے حوالے کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ یہ منتقلی 10 سال کے لیے ہوگی، اس کے تحت آغوش اسپیشل چلڈرن ہائر سیکنڈری اسکول کا انتظام سندھ حکومت کو منتقل کر دیا گیا ہے،کابینہ نے اسکول کے اخراجات کے لیے 5 کروڑ 34 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی۔