کراچی : سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف منفی مہم چلا کر اصل میں وزیر اعظم شہباز شریف کو نشانہ بنا رہی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سیلاب سے تباہی کے بعد پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے پنجاب کے متاثرین کی بھرپور مدد کی، بلاول بھٹو زرداری نے متاثرہ علاقوں کے دورے بھی کیے، لیکن اس کے باوجود پنجاب حکومت پیپلز پارٹی کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے چند دنوں سے پنجاب حکومت کی طرف سے یکطرفہ مہم چلائی جا رہی ہے حالانکہ اس وقت ضرورت ہے کہ پورا ملک مل کر متاثرین کی مدد کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی وفاق اور وزیر اعظم سے اپیل کی تھی۔یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرین کی امداد سے انکار،شرجیل میمن نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کو پارلیمنٹ نے قانونی حیثیت دی ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان پیکج میں بھی اسی ڈیٹا کا استعمال کیا۔ ہماری اپیلیں عالمی برادری اور وفاقی حکومت سے تھیں مگر منفی ردعمل پنجاب حکومت سے آیا۔ “پنجاب حکومت پیپلز پارٹی کو نہیں بلکہ دراصل وفاقی حکومت کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ہم وفاق کا حصہ نہیں لیکن شہباز شریف کو سپورٹ کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت کی یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔”انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں سیاست نہیں کرنی چاہیے، ہم صرف سیلاب متاثرین کی بات کر رہے ہیں لیکن پنجاب حکومت ٹک ٹاک سیاست پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔ “مریم نواز کو ہماری بہنوں کی طرح سمجھتے ہیں مگر ان کا اسکرپٹ رائٹر انہیں غلط سمت میں لے جا رہا ہے۔”شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ “میرے پیسے، میری مرضی اور میرا پانی، میری مرضی” جیسے بیانات کسی تعلیم یافتہ شخص کو زیب نہیں دیتے۔ یہ ملک سب کا ہے، نہ کہ کسی ایک فرد یا صوبے کی ذاتی ملکیت۔ان کا کہنا تھا: “ہم وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب دونوں کا احترام کرتے ہیں۔ ہماری پریس کانفرنس کا مقصد کسی کی توہین نہیں بلکہ درست سمت کی نشاندہی ہے۔”
