کراچی : میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وہ ماحول بنایا جس کی بدولت وفاقی حکومت قائم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ماضی کے اختلافات بھلا کر شہباز شریف کی حکومت میں وزارتِ خارجہ کی ذمہ داری سنبھالی، وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور شہید بینظیر بھٹو کے بیٹے ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جب سیلاب آیا تو بلاول بھٹو نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وزیراعظم سندھ نہیں آسکتے، لیکن بعض لوگ صرف پیپلز پارٹی سے بغض یا سیلاب کے دباؤ میں آکر سیاست کر رہے ہیں۔انہوں نے پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تنقید سے باہر نکل کر عوام کی مدد کریں، پانی نکالیں اور گندم کی کاشت کریں۔ “2022 میں سندھ حکومت نے خود پانی نکالا تھا اور گندم کی کاشت بھی کی تھی،” مرتضیٰ وہاب نے یاد دلایا۔میئر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ ہم پنجاب حکومت کے ساتھ مناظرے کے لیے تیار ہیں، لیکن چاہتے ہیں کہ ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم رکھا جائے تاکہ عوام کے مسائل حل کیے جا سکیں