راولپنڈی: افواجِ پاکستان نے بھارتی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی ہرزہ سرائی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کوئی نیا ڈرامہ رچانے کی کوشش کی تو پاکستان کا جواب تباہ کن ہوگا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ اگر کسی قسم کا ایڈونچر کیا گیا تو بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے بھارتی ہرزہ سرائی کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔ بھارت دہائیوں سے مظلومیت کا کارڈ کھیل رہا ہے اور دنیا میں پاکستان کا منفی تاثر اجاگر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ خود بھارت خطے میں دہشت گردی اور تشدد کو فروغ دے رہا ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارت کا بیانیہ عالمی سطح پر جھٹلایا جا چکا ہے، دنیا کراس بارڈر دہشت گردی کے حوالے سے بھارت کا اصل چہرہ دیکھ چکی ہے۔ بھارت اپنے تباہ شدہ لڑاکا طیاروں کو بھی بھول چکا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دنیا بھارت کو خطے کے عدم استحکام کے مرکز کے طور پر تسلیم کر رہی ہے۔ رواں برس بھارتی جارحیت نے دو ایٹمی طاقتوں کو جنگ کے دہانے پر لاکھڑا کیا تھا۔ بھارت کو اپنے طیاروں کے ملبے اور طویل مار کرنے والے پاکستانی ہتھیار یاد رکھنے چاہئیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت اجتماعی بھول کا شکار ہوکر ایک اور تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع اور فوجی قیادت کے بیانات خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کرسکتے ہیں۔ مستقبل میں کسی بھی قسم کا تصادم تباہ کن اور قیامت خیز نتائج لاسکتا ہے۔