لاہور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات شفاف ہوں گے اور کراچی جیسے بوگس نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق، مریم نواز کے نہروں سے متعلق بیان کے بعد پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے رہنماؤں کے درمیان الزامات کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی جانب سے مریم نواز حکومت پر تنقید کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ “پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے اپنی ڈیڈ لائن اپنی جیب میں رکھیں، یہاں الیکشن بوگس نہیں ہوں گے۔ آپ ایک صوبے کے اندر زبردستی گھسنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میرا پانی میری مرضی ایسے ہی ہے جیسے مرسو مرسو پانی نہ دیسو۔”عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کی مقبولیت سے خوفزدہ نہ ہوتے تو چھٹی کے دن پریس کانفرنس نہ کرتے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی نے سیلاب متاثرین کے لیے کوئی مالی مدد فراہم نہیں کی بلکہ صرف طعنے دیے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول بھٹو بطور وزیر خارجہ وفاق اور وزیراعظم کو کمزور کرتے رہے اور آج سندھ حکومت وفاق اور پنجاب پر سازشوں کا الزام لگا رہی ہے۔ ان کے مطابق، دھمکیوں اور پیڈ احتجاج کے ذریعے بلیک میلنگ پیپلز پارٹی کا وتیرہ ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب پیپلز پارٹی سے کارکردگی پوچھی جاتی ہے تو صوبائیت اور لسانیت کا کارڈ کھیلنے لگتے ہیں۔ “کراچی کا کچرا، ٹوٹی سڑکیں اور کرپشن کی بات کریں تو مرسو مرسو کا کارڈ نکال آتے ہیں۔ یہ سیاست نہیں بلکہ غلاظت ہے۔”
انہوں نے شرجیل میمن کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ بحث کے لیے جگہ اور وقت آپ خود منتخب کریں، لیکن براہ راست آئیے، کسی پراکسی کے پیچھے مت چھپیں۔