گلشن اقبال بحالی سینٹر میں معذور بچے پر تشدد کرنے والی خاتون ٹیچر کو برطرف کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں قائم بحالی سینٹر میں معذور بچے پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ خاتون ٹیچر کو برطرف کردیا،انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سینٹر کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ صرف بچے کے قریبی رشتہ دار ہی قانونی کارروائی کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں بچے کے والدین سے رابطہ کیا گیا، لیکن انہوں نے مقدمہ درج کرانے سے انکار کردیا،یاد رہے کہ کچھ روز قبل گلشن اقبال بلاک 6 میں واقع “ایگرو آٹزم کیئر اینڈ ری ہیبلیٹیشن آرگنائزیشن” کے اندر معذور بچے پر بدترین تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی،اس ویڈیو کے بعد الطاف حسین نامی شہری نے سینٹر کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔ مدعی کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون ٹیچر معذور بچے کو بے دردی سے مارپیٹ کررہی ہے، حالانکہ اس ادارے میں معذور بچوں کو تربیت اور بحالی کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
