اسلام آباد: عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلانے کا فیصلہ دے دیا،تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیل صفائی قوثین فیصل مفتی کی جانب سے آج التواء کی درخواست دائر کی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ وہ شدید علالت کا شکار ہیں، تاہم کوئی طبی دستاویز پیش نہیں کی گئی۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی،عدالت نے قرار دیا کہ آج گواہوں پر جرح ممکن نہیں، لہٰذا ملزمان کو عدالت لانے کی ضرورت نہیں تھی۔ پچھلی سماعت بھی وکلا صفائی کی غیر حاضری کے باعث ملتوی کی گئی تھی،جج نے ریمارکس دیے کہ بظاہر لگتا ہے کہ کیس کے آخری مرحلے میں وکلا صفائی کارروائی کو طول دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وکلا کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے زیادہ سنجیدگی دکھانی چاہیے، کیونکہ دو ملزمان جیل میں ہیں اور انصاف کا تقاضا ہے کہ فیصلہ جلد سنایا جائے۔ عدالت نے واضح کر دیا کہ آئندہ سماعت پر کسی صورت مزید التواء نہیں دیا جائے گا،مزید برآں عدالت نے ہدایت دی کہ کیس کی سماعت اب روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گی جب تک مقدمہ مکمل نہ ہو جائے۔ سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے گواہ محسن ہارون کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ پر عدالت میں پیش ہوں۔