صحت سب سے پہلی ترجیح ہونی چاہیے، چھاتی کے سرطان کو ہلکا نہ لیں: آصفہ بھٹو

چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے مہینے کے آغاز پر خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی صحت کو اولین ترجیح دیں اور اس مرض کو ہرگز نظرانداز نہ کریں،ایوان صدر کے مطابق آصفہ بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں چھاتی کا سرطان خواتین میں سب سے زیادہ عام مرض ہے اور ہر نو میں سے ایک خاتون اس کا شکار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور علاج سے بقاء کی شرح 90 فیصد تک بڑھائی جا سکتی ہے،خاتون اول نے خواتین کو تلقین کی کہ وہ باقاعدگی سے خود معائنہ کریں، 30 برس کی عمر کے بعد کلینکل چیک اپ اور 40 برس کے بعد میموگرافی لازمی کرائیں، جبکہ کسی بھی غیر معمولی علامت پر فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں،انہوں نے صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مختلف ادارے، ڈاکٹرز، نرسیں اور کمیونٹی گروپس اس حوالے سے آگاہی اور مدد فراہم کر رہے ہیں جو قابلِ تحسین ہے،آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ خاندان اور معاشرہ خواتین کے ساتھ کھڑا ہو تاکہ انہیں بروقت علاج اور سہولتیں مل سکیں۔