سکھر نیشنل پریس کلب کے اضافی ممبران کی منظوری، باضابطہ نوٹیفکیشن جاری

سکھر (اسٹاف رپورٹر)صوبائی اسسٹنٹ ریجنل رجسٹرار جوائنٹ اسٹاک کمپنیز سکھر کی جانب سے سکھر نیشنل پریس کلب کے اضافی ممبران کی منظوری دے دی گئی ہے اور اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کی ایک کاپی سکھر نیشنل پریس کلب کے صدر کریم بخش شیخ کو فراہم کی گئی ہے۔اس منظوری کے بعد نئے ممبران کو کلب کی سرگرمیوں، صحافتی معاملات اور انتظامی امور میں باضابطہ طور پر شامل ہونے کا حق حاصل ہوگا۔ اس فیصلے کو سکھر کی صحافتی برادری نے مثبت اور خوش آئند قرار دیا ہے۔سکھر نیشنل پریس کلب کے صدر کریم بخش شیخ نے اس موقع پر کہا کہ اضافی ممبران کی شمولیت سے کلب کی سرگرمیوں میں مزید بہتری آئے گی اور صحافیوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم میسر ہوگا۔ انہوں نے صوبائی اسسٹنٹ ریجنل رجسٹرار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام آزادی صحافت کے فروغ اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔علاقائی صحافیوں اور کلب کے سینئر اراکین نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ اس فیصلے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور نئے ممبران کے تعاون سے کلب مزید فعال اور موثر انداز میں خدمات انجام دے گا۔