سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی ائیرلائن نے پاکستانی مسافروں سمیت دیگر مسافروں کے گمشدہ یا تاخیر سے آنے والے بیگیج کی محفوظ تلاش کے لیے ایپل کا جدید Find My Share Item Location فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ یہ فیچر ایئر ٹیگ یا ایپل کے Find My نیٹ ورک کے ذریعے بیگیج کی باحفاظت ریکوری کو ممکن بناتا ہے۔
اس سہولت کے تحت مسافر اپنے آئی فون، آئی پیڈ یا میک پر Find My ایپ کے ذریعے ایک محفوظ شیئر آئٹم لوکیشن لنک تیار کر سکیں گے، جسے بعد ازاں سعودیہ کے ڈیجیٹل پورٹل کے ساتھ منسلک کیا جا سکے گا۔ بیگیج کی وصولی کے بعد لوکیشن شیئرنگ خودکار طور پر ختم ہو جائے گی، تاہم مسافر اسے دستی طور پر بھی کسی بھی وقت ختم کر سکتے ہیں۔ یہ شیئرنگ زیادہ سے زیادہ سات دن تک فعال رہے گی۔عودیہ گروپ کے چیف ڈیٹا اینڈ ٹیکنالوجی آفیسر عبدالغادر عطیہ نے کہا کہ:”ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے اپنے عزم کے مطابق ہم جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ حل کے ذریعے مسافروں کے سفری تجربے کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ ایپل کے Share Item Location فیچر کا انضمام عالمی معیار کی خدمات فراہم کرنے اور ایوی ایشن انڈسٹری میں نئے معیارات قائم کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔”
یہ فیچر ایپل کے Find My نیٹ ورک پر بنایا گیا ہے، جو ایک ارب سے زیادہ ایپل ڈیوائسز پر مشتمل کراؤڈ سورس نیٹ ورک ہے۔ یہ نظام بلوٹوتھ وائرلیس ٹیکنالوجی کے ذریعے قریبی گمشدہ ڈیوائسز یا اشیاء کا پتہ لگاتا ہے اور ممکنہ مقام کی اطلاع مالک کو دیتا ہے۔ پورا عمل مکمل طور پر انکرپٹڈ اور محفوظ ہے، جس میں ایپل یا دیگر کمپنیوں کو کسی بھی آئٹم کی معلومات تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔
یہ سہولت ان ڈیوائسز پر دستیاب ہوگی جو iOS 18.2, iPadOS 18.2 یا macOS 15.2 یا بعد کے ورژن پر اپ ڈیٹ ہوں۔
سعودیہ کے اس اقدام سے پاکستانی مسافروں کی ایک بڑی تعداد مستفید ہوگی، جو حج و عمرہ، کاروباری سفر اور ذاتی نوعیت کے دوروں کے لیے سعودی عرب کا انتخاب کرتے ہیں۔