پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ارشدیپ سنگھ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں شکایت درج کرا دی ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اس سے قبل بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو کے خلاف بھی شکایت کی تھی اور اب ایک اور بھارتی کھلاڑی ارشدیپ سنگھ کے خلاف درخواست جمع کرائی ہے۔درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ ارشدیپ سنگھ نے 21 ستمبر کو میچ کے اختتام پر تماشائیوں کی جانب نازیبا اور غیر اخلاقی اشارے کئے، جو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارتی کھلاڑی کا یہ رویہ کھیل کی ساکھ کو مجروح کرنے کے مترادف ہے، لہٰذا آئی سی سی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ارشدیپ سنگھ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔