ٹی 20 ایشیا کپ 2025 کا فیصلہ کن معرکہ آج دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔ ایونٹ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت ایشیا کپ فائنل کھیلا جا رہا ہے۔پاکستان کو گروپ مرحلے اور سپر فور مرحلے میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم قومی ٹیم نے فائنل کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔ کپتان سلمان علی آغا، کوچ مائیک ہیسن اور آل راؤنڈر فہیم اشرف نے میچ سے قبل پچ کا معائنہ بھی کیا۔ذرائع کے مطابق بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی انجری کے باعث ان کی فائنل میں شرکت مشکوک ہے، ان کا فٹنس ٹیسٹ آج میچ سے قبل لیا جائے گا۔قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ فائنل میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے اور ٹرافی جیتنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ ان کے مطابق فیصلہ کن میچ کا دباؤ دونوں ٹیموں پر برابر ہے۔دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو اب روایتی حریف نہیں سمجھتے، جس پر سلمان علی آغا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ انہوں نے یہ بیان کس کے کہنے پر دیا ہے، لیکن ریکارڈز بتاتے ہیں کہ ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان نے بھارت سے زیادہ میچز جیتے ہیں۔اعدادوشمار کے مطابق 2007ء سے اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 15 ٹی20 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں بھارت نے 12 جبکہ پاکستان نے صرف 3 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔