مصر: شادی کی تقریب میں دولہا رقص کرتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

مصر کے علاقے اسوان میں ایک شادی کی تقریب اس وقت سوگ میں بدل گئی جب دولہا اپنی دلہن کے ساتھ رقص کرتے ہوئے اچانک دنیا سے رخصت ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق نوجوان دولہا اشرف ابو حکیم اپنی شادی کی تقریب میں دلہن کا ہاتھ تھامے رقص کررہا تھا کہ اچانک زمین پر گر پڑا۔ مہمانوں نے فوری طور پر اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی، تاہم تمام تر کاوشیں ناکام رہیں۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ نوجوان دولہا دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گیا۔یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی شب پیش آیا۔ شادی ہال میں چند لمحے قبل تک ڈھول، موسیقی اور قہقہے گونج رہے تھے لیکن کچھ ہی دیر میں ماحول سوگ میں بدل گیا۔ چیخ و پکار اور آہ و بکا نے تقریب کو جنازے کا منظر بنا دیا۔زندگی کے نئے سفر کی خوشیوں بھری تقریب محض چند منٹوں میں المیے میں بدل گئی، جس نے دلہن سمیت تمام مہمانوں کو غم سے نڈھال کر دیا۔