پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ایشیا کپ فائنل سے قبل دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نوجوان اوپنر صائم ایوب پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ صائم نہ صرف بیٹنگ بلکہ بولنگ میں بھی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور امید ہے کہ وہ فائنل میں اچھی اننگز کھیلیں گے۔ سلمان علی آغا نے تسلیم کیا کہ اب تک بیٹنگ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے، مگر امکان ہے کہ فائنل میچ میں وہ رنز کریں گے۔ کپتان نے کہا کہ فائنل میں دونوں ٹیموں پر برابر کا دباؤ ہوگا، لیکن ہم اپنی پوری توانائی کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ بھارتی میڈیا کے منفی بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کیا کہتا ہے اس سے ہمیں فرق نہیں پڑتا، ہماری توجہ صرف اپنی کارکردگی پر ہے۔