معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اسرائیلی فوج کے انٹیلی جنس یونٹ 8200 کو اپنی Azure کلاؤڈ سروسز اور دیگر مصنوعی ذہانت (AI) پلیٹ فارمز تک رسائی بند کر دی ہے۔ یہ فیصلہ یونٹ کی جانب سے فلسطینی شہریوں کی بڑے پیمانے پر نگرانی کے لیے ان ٹیکنالوجیز کے مبینہ غلط استعمال پر کیا گیا۔یہ اقدام برطانوی اخبار دی گارڈین کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں انکشاف کیا گیا کہ اسرائیلی یونٹ 8200 نے مائیکروسافٹ کی ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے فلسطینیوں کی کالز، لوکیشن ڈیٹا اور ذاتی معلومات کو اکٹھا کیا اور تجزیاتی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا۔
مائیکروسافٹ کے صدر اور نائب چیئرمین بریڈ اسمتھ نے اس معاملے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ:”ہم نے ایسی سرگرمیوں کی نشاندہی کی ہے جو ہماری سروسز کے استعمال کی پالیسی کے خلاف ہیں۔ اسی لیے متعلقہ اکاؤنٹس اور سبسکرپشنز فوری طور پر غیرفعال (disabled) کر دیے گئے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:”ہماری کمپنی انسانی حقوق کے اصولوں کی مکمل پاسداری کرتی ہے، اور ایسی کسی سرگرمی کی اجازت نہیں دیتی جو شہری آزادیوں کو خطرے میں ڈالے۔”