ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 135 رنز کا ہدف دیا جسے بنگلہ دیش ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنا کر حاصل نہ کر سکی۔قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی (پلیئر آف دی میچ) قرار پائے۔ شاہین نے بیٹنگ میں بھی 13 گیندوں پر 19 رنز بنائے، جس میں دو چھکے شامل تھے۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں یہ شاہین آفریدی کا 10 واں پلیئر آف دی میچ ایوارڈ ہے، جس کے ساتھ وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک شاندار فتح ہے اور پوری ٹیم کی لڑائی پر فخر ہونا چاہیے۔