ایشیا کپ: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

ابوظبی: ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو ڈو اینڈ ڈائی مقابلے میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل تک رسائی کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 134 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ حسین طلعت کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستان کی بیٹنگ میں محمد نواز نے 38 رنز اور حسین طلعت نے 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ صاحبزادہ فرحان 24، فخر زمان 17، صائم ایوب 2، کپتان سلمان آغا 5 اور محمد حارث 13 رنز بنا سکے۔ سری لنکا کی جانب سے مہیش تھکشانا اور ونندو ہسارنگا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔ کمیندو مینڈس نے سب سے زیادہ 50 رنز اسکور کیے، کپتان چرتھ اسالنکا نے 20 اور کوشل پریرا و ہسارنگا نے 15، 15 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں، حارث رؤف اور حسین طلعت نے 2، 2 شکار کیے۔میچ کے آغاز پر قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی، جبکہ سری لنکا نے اپنی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے مہیش تھکشانا اور چمیکا کرونا رتنے کو شامل کیا۔