لاہور: پاکستان کے جارح مزاج اوپنر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں دوبارہ روایتی حریف بھارت کا سامنا ہوگا۔سری لنکا کے خلاف اہم میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جا رہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ فائنل میں ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔بھارت کے خلاف مخصوص انداز میں جشن منانے سے متعلق سوال پر اوپنر کا کہنا تھا کہ یہ خیال اچانک آیا تھا، میں عام طور پر نصف سنچری کے بعد جشن نہیں مناتا، لیکن اس بار یہ انداز اپنایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مجھے اس بات کی پروا نہیں کہ لوگ اس جشن کو کیسے دیکھتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ فخر زمان کے ساتھ بیٹنگ کرنے سے اعتماد بڑھا اور آئندہ بھی اسی اوپننگ جوڑی کو برقرار رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ سپرفور مرحلے کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف پاکستان کو یکطرفہ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ گرین شرٹس کے بولرز بری طرح ناکام رہے تھے۔ پاکستان آج 23 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف دوسرا میچ کھیل رہا ہے جبکہ 25 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف میدان میں اترے گا۔ ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو شیڈول ہے۔