ایشیا کپ 2025: پاکستان اور سری لنکا آج ڈو آر ڈائی مقابلے میں آمنے سامنے

ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کا اہم اور فیصلہ کن میچ آج ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے ڈو آر ڈائی کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ جو ٹیم یہ میچ ہارے گی وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم میں آج ایک بڑی تبدیلی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں ناکام رہنے والے آل راؤنڈر حسین طلعت کو پلیئنگ الیون سے باہر کیا جا سکتا ہے، جب کہ ان کی جگہ جارح مزاج بلے باز حسن نواز یا آل راؤنڈر خوشدل شاہ کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔فاسٹ بولنگ کی ذمہ داری شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کے سپرد ہوگی، جن کا ساتھ آل راؤنڈر فہیم اشرف دیں گے۔ اسپن ڈپارٹمنٹ کی کمان ابرار احمد کے ہاتھ میں ہوگی، جنہیں صائم ایوب اور محمد نواز کا ساتھ حاصل ہوگا۔واضح رہے کہ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا کو بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی تھی، جب کہ بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کے خلاف مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی تھی۔آج کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔