دمشق: شام میں آمر بشار الاسد کے خاتمے کے بعد پہلے پارلیمانی انتخابات کی تاریخ مقرر کر دی گئی ہے۔ پیپلز اسمبلی کے اعلان کے مطابق 5 اکتوبر کو ملک کے تمام انتخابی اضلاع میں ووٹنگ ہوگی۔پارلیمان کی 210 نشستوں میں سے دو تہائی پر عوامی ووٹ کے ذریعے نمائندے منتخب ہوں گے، جبکہ ایک تہائی نشستوں پر ارکان کی تقرری براہ راست عبوری صدر احمد الشرع کریں گے۔یہ انتخابات گزشتہ سال کے آخر میں بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد ہونے والا پہلا پارلیمانی عمل ہوں گے، جس کے ذریعے ایک نئی عوامی اسمبلی تشکیل دی جائے گی۔ماہرین کے مطابق شام کی عبوری حکومت ایک جانب جنگ زدہ ریاستی اداروں کی تعمیر نو اور استحکام کے لیے علاقائی و بین الاقوامی سطح پر کوششیں کر رہی ہے، تو دوسری جانب قانونی حیثیت حاصل کرنے کی جدوجہد بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔