بھارت سے شکست، تنویر احمد نے کرکٹ لیجنڈز پر سوال اٹھا دیے

کراچی: سابق کرکٹر تنویر احمد نے پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں مسلسل دوسری شکست کے بعد کرکٹ لیجنڈز کے کردار پر سوالات اٹھا دیے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں تنویر احمد نے کہا کہ بھارت کے سابق کھلاڑی یوراج سنگھ نے ابھیشیک شرما کو سراہا، لیکن سوال یہ ہے کہ ہمارے لیجنڈز نے اب تک کتنے اسٹار کھلاڑی تیار کیے ہیں؟انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے کرکٹ لیجنڈز نئے ٹیلنٹ کو نکھارنے میں ناکام رہے ہیں۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ پاکستان نے بھارت کو 172 رنز کا ہدف دیا تھا، جو بھارتی ٹیم نے 19ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا۔یاد رہے کہ گروپ مرحلے میں بھی پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب پاکستان کو فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے سری لنکا اور بنگلادیش کے خلاف اپنے دونوں میچز لازمی جیتنا ہوں گے، بصورت دیگر ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑے گا۔