ایشیا کپ: فخر زمان کی متنازعہ آؤٹ پر کپتان سلمان علی آغا کے تحفظات

دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران پاکستانی اوپنر فخر زمان کی متنازعہ آؤٹ پر قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔میچ کے بعد پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ انہیں اس فیصلے پر شکوک ہیں، ان کے مطابق گیند زمین کو چھونے کے بعد کیچ پکڑا گیا۔ انہوں نے کہا:”میری نظر میں گیند پکڑنے سے پہلے زمین پر ٹچ ہوئی تھی، ظاہر ہے یہ امپائر کا کام ہے اور وہ غلطی کر سکتے ہیں، مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن میری نظر میں گیند زمین پر ٹچ ہوئی تھی۔”کپتان نے مزید کہا کہ ممکن ہے وہ خود غلط ہوں لیکن فخر زمان بہترین بیٹنگ کر رہے تھے، اور اگر وہ پاور پلے میں کریز پر رہتے تو پاکستان 190 رنز کے قریب ہدف بنا سکتا تھا۔