لاہور: قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے ایشیا کپ سپر فور کے اہم میچ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر ردعمل دیتے ہوئے باؤلنگ لائن اپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان 200 رنز بھی بنا لیتا تب بھی باؤلرز اس اسکور کا دفاع نہیں کر پاتے۔ اگر فہیم اشرف کو کھلانا تھا تو انہیں نئی گیند سے بولنگ کرانی چاہیے تھی یا صائم ایوب کی جگہ موقع دینا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوسکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ابرار احمد جیسے مین باؤلر کو نظرانداز کر کے پارٹ ٹائم باؤلر صائم ایوب سے اوورز کرائے گئے جو ایک بڑی غلطی تھی۔ قومی ٹیم کی باؤلنگ لائن اپ اس قابل ہی نہیں تھی کہ میچ جیت سکتی۔سابق فاسٹ بولر نے واضح کیا کہ پاکستان کی باؤلنگ انتہائی خراب رہی، حارث رؤف ایک بھی بھارتی بلے باز کو آؤٹ نہیں کر پائے۔ بھارتی کھلاڑی اپنی غلطیوں کی وجہ سے آؤٹ ہوئے، جیسے سوریا کمار یادیو نے غلط شاٹ کھیل کر وکٹ گنوائی، پاکستان کی باؤلنگ نے کوئی خاص کمال نہیں دکھایا۔