سعودی عرب میں بارش کا الرٹ، مکہ سمیت مختلف ریجن متاثر ہوسکتے ہیں

ریاض: سعودی عرب میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے ملک کے مختلف علاقوں میں جمعرات تک بارش کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش کا امکان ہے، جس کے باعث سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔ عسیر، جازان اور الباحہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اسی طرح مدینہ منورہ، ریاض، قصیم، حائل، اشرقیہ ریجن اور نجران میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ہوسکتی ہے۔ سول ڈیفنس نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری سیلابی مقامات، وادیوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور جہاں بارش کا پانی جمع ہو وہاں تیراکی سے اجتناب کریں۔خیال رہے کہ حال ہی میں مدینہ منورہ میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا تھا اور زائرین نے بارش کے دوران رب کے حضور دعائیں بھی مانگیں۔