ہم ایک انچ زمین بھی امریکا کو نہیں دیں گے، افغانستان

افغانستان کی طالبان حکومت نے بگرام ایئر بیس کی واپسی سے متعلق امریکی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ افغان وزیر دفاع نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اگر امریکہ اپنے اڈے واپس چاہتا ہے تو افغان عوام اور فوج اگلے بیس سال تک بھی مزاحمت اور دفاع کے لیے تیار ہیں۔ذرائع کے مطابق افغان حکام نے بتایا کہ بگرام ایئر بیس کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ یا زمین کا تنازعہ قابلِ قبول نہیں ہوگا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بیرونی فوج کی دوبارہ موجودگی یا کسی بھی قسم کی بحالی کی کوششوں کی صورت میں افغان فورسز اور عوام سخت مزاحمت کریں گے۔یہ ردعمل اس کے بعد سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ اگر طالبان یا افغان حکام بگرام ایئر بیس امریکہ کو واپس نہیں دیتے تو “سنگین نتائج” سامنے آئیں گے۔ صحافیوں کے سوال پر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر وہ ایئربیس واپس نہیں کرتے تو امریکی ردعمل سے سب واقف ہو جائیں گے۔افغان حکام نے اس تناظر میں بین الاقوامی مذاکرات اور سفارتی راہوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مسئلے کا حل مذاکرات اور باہمی عزت کے ذریعے ہی ممکن ہے، مگر قومی عزت اور سفارتی سرحدوں کی پامالی برداشت نہیں کی جائے گی۔