کربلا (انٹرنیشنل ڈیسک) — عراق نے بجلی بحران اور بار بار کے بلیک آؤٹس سے نمٹنے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کربلا کے صحرائی علاقے میں صنعتی پیمانے کا پہلا سولر پاور پلانٹ نصب کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پلانٹ کربلا کے علاقے الحُر میں ایک ہزار ایکڑ رقبے پر قائم کیا گیا ہے جو اپنی بلند ترین سطح پر 300 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ عراقی حکام کے مطابق پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح کل کیا جائے گا۔عراق میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے حکومت نے مختلف صوبوں میں مزید سولر منصوبے بھی شروع کیے ہیں۔ ان میں بابِل صوبے میں 225 میگاواٹ کا سولر پروجیکٹ اور بصرہ میں 1000 میگاواٹ کے بڑے منصوبے کی تیاری شامل ہے۔یاد رہے کہ امریکا نے رواں سال مارچ میں عراق کو ایران سے بجلی خریدنے کی رعایت ختم کردی تھی، تاہم فی الحال ایرانی گیس کی درآمد کی اجازت برقرار ہے۔توانائی ماہرین کے مطابق یہ منصوبے عراق کی توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہوں گے اور بجلی کی شدید قلت میں کمی لانے میں مددگار ہوں گے۔