شامی صدر احمد الشرع: اسرائیل ناقابلِ اعتماد ملک ہے، تعلقات معمول پر نہیں آئیں گے

شامی صدر احمد الشرع نے اسرائیل کو ناقابلِ اعتبار ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اسرائیل پر ہرگز اعتماد نہیں کرتے۔ ترک میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ شام اب دہشت گردی برآمد کرنے والا ملک نہیں رہا، لیکن اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی فی الحال ممکن نہیں۔صدر الشرع نے کہا کہ امریکا کی ثالثی میں شام اور اسرائیل کے درمیان ایک نیا معاہدہ جلد طے پانے والا ہے، تاہم یہ معاہدہ 1974 کے سمجھوتے جیسا ہوگا اور دونوں ملکوں کے تعلقات معمول پر نہیں آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا: “شام لڑنا جانتا ہے لیکن اب جنگ نہیں چاہتا۔ السویدہ میں حالیہ بدامنی دراصل مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی سازش تھی۔ اسرائیل کے ساتھ اگر اعتماد کی بات کی جائے تو میرا جواب ہے کہ میں اس پر اعتماد نہیں کرتا۔”ماہرین کے مطابق شام اور اسرائیل کے درمیان کسی بھی ممکنہ معاہدے کا اثر خطے کی سیاست اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر گہرے اثرات ڈال سکتا ہے۔