ریاض: سعودی عرب میں رہائش، کام اور سرحدی سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کے دوران 25 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرلیا گیا۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق یہ گرفتاریاں 11 سے 17 ستمبر کے درمیان مشترکہ آپریشنز میں عمل میں آئیں۔ اس دوران مجموعی طور پر 25 ہزار 533 غیر ملکیوں کو حراست میں لیا گیا جن میں 21 ہزار 638 رہائشی قوانین، 4 ہزار 540 سرحدی سکیورٹی قوانین اور 4 ہزار 140 کام کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 1,391 افراد کو پکڑا گیا، جن میں 54 فیصد یمنی اور 45 فیصد ایتھوپیائی شہری تھے، جبکہ دیگر قومیتوں کا تناسب صرف ایک فیصد رہا۔ اسی طرح 31 افراد کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ سعودی عرب سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔مزید برآں، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سفر، رہائش یا پناہ دینے میں ملوث 19 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔وزارت داخلہ نے بتایا کہ اب تک 32 ہزار 149 غیر قانونی تارکین کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن میں 29 ہزار 265 مرد اور 2 ہزار 884 خواتین شامل ہیں۔ ان میں سے ایک ہزار 610 کے سفری انتظامات مکمل کیے گئے جبکہ 13 ہزار 375 کو مملکت سے بے دخل کردیا گیا۔اعلامیے میں خبردار کیا گیا کہ جو بھی غیر قانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرے گا، انہیں مملکت میں داخل کرے گا یا پناہ دے گا، اس کو 15 سال تک قید، دس لاکھ ریال تک جرمانہ، اور ٹرانسپورٹ کے ذرائع یا پناہ گاہ ضبط کیے جانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔