حماس نے 48 اسرائیلی قیدیوں کی ’’الوداعی تصویر‘‘ جاری کردی، غزہ پر حملوں سے زندگیاں خطرے میں

غزہ/دوحہ: فلسطینی تنظیم حماس نے اپنے قبضے میں موجود 48 اسرائیلی قیدیوں کی اجتماعی ’’الوداعی تصویر‘‘ جاری کردی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ میں زمینی کارروائی قیدیوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے۔الجزیرہ ٹی وی کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے قیدیوں کی ایک اجتماعی تصویر جاری کی، جس میں انہیں ’’الوداعی تصویر‘‘ قرار دیا گیا ہے۔حماس کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی اور ضمیر کی پسپائی کا نتیجہ ہے۔ مزید کہا گیا کہ غزہ سٹی پر اسرائیلی فوج کے تباہ کن حملے اور زمینی کارروائی براہِ راست قیدیوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ادھر اسرائیلی میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے کہ قیدیوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کے باعث فوجی کارروائی مزید پیچیدہ صورت اختیار کر گئی ہے۔