بھارت: نوجوان نے لڑکی کا روپ دھار کر دوست کے گھر سے زیورات اور نقدی چرا لی، پولیس نے گرفتار کرلیا

بھارت میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے لڑکی کا بھیس بدل کر اپنے ہی دوست کے گھر چوری کی اور لاکھوں روپے مالیت کے زیورات و نقدی لے اڑا۔انڈین میڈیا کے مطابق واقعہ 16 ستمبر کو اُدے نگر میں پیش آیا۔ گھر کے مالک شیوراج اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ نظام آباد گئے ہوئے تھے، جس کی اطلاع شیوراج کے بیٹے نے اپنے دوست ہرشیت کو دی تھی۔ اگلے روز واپسی پر اہلِ خانہ نے دیکھا کہ گھر کا تالا ٹوٹا ہوا ہے اور الماری سے 6.75 تولہ سونا اور 1.10 لاکھ روپے نقدی غائب ہیں۔پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک لڑکی کو گھر میں داخل اور باہر آتے دیکھا گیا۔ تاہم تفتیش میں انکشاف ہوا کہ وہ لڑکی دراصل شیوراج کے بیٹے کا دوست ہرشیت تھا جس نے پہچانے جانے سے بچنے کے لیے لڑکی کا روپ دھارا تھا۔پولیس نے چھاپے کے دوران ہرشیت کے گھر سے چوری شدہ زیورات اور 85 ہزار روپے نقد برآمد کرلیے۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے قرض ایپس سے لیے گئے قرضوں کی ادائیگی کے دباؤ میں یہ واردات کی تھی اور چوری کی گئی رقم میں سے 25 ہزار روپے پہلے ہی قرض واپس کرنے میں استعمال کر چکا ہے۔پولیس نے ہرشیت کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا، جب کہ اس کے مالی حالات اور دیگر جرائم میں ممکنہ ملوث ہونے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔