دبئی (اسپورٹس ڈیسک) — ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے سنسنی خیز میچ میں بنگلادیش نے سری لنکا کو آخری گیند پر 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ دسن شناکا نے شاندار 64 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ کوشل مینڈس نے 34 اور پتھم نسانکا نے 22 رنز بنائے۔ بنگلادیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 3 وکٹیں، جبکہ مہدی حسن نے 2 اور تسکین احمد نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں بنگلادیش نے 169 رنز کا ہدف آخری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ توحید ہردوئے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 58 رنز بنائے جبکہ سیف حسین نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان لٹن داس 23 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارنگا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ گروپ مرحلے میں سری لنکا نے بنگلادیش کو شکست دی تھی، تاہم اس بار بنگلادیش نے شاندار کم بیک کیا۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے 21 میچوں میں سے 13 سری لنکا کے نام رہے ہیں۔اس جیت کے ساتھ ہی سپر فور میں بنگلادیش کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوگئے، جبکہ سری لنکا کی ایونٹ میں مسلسل کامیابیوں کا سلسلہ رُک گیا۔