پی ایس ایکس حملے پر بننے والی ڈاکیومنٹری نے دل جیت لیے، آئی جی سندھ غلام نبی میمن

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر 29 جون 2020 کے خطرناک دہشت گرد حملے کے پس منظر میں بننے والی ڈاکیومنٹری فلم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ “پی ایس ایکس پر حملے کی ڈاکیومنٹری نے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔”ان کا کہنا تھا کہ پولیس ہمیشہ جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف جذبے کے ساتھ لڑتی ہے، مگر جب پولیس پر تنقید کی جاتی ہے تو اہلکاروں کا اعتماد متاثر ہوتا ہے۔ اگر عوام کی طرف سے پذیرائی ملے تو پولیس مزید بہتر کارکردگی دکھاتی ہے۔غلام نبی میمن نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں پولیس فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فلمیں اور سیریز بنائی جاتی ہیں، جو نہ صرف عوام پر مثبت اثر ڈالتی ہیں بلکہ پولیس اہلکار بھی ان کرداروں کو آئیڈیلائز کر کے مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔انہوں نے راوا فلمز اور اس کے سربراہ بریگیڈیئر (ر) طارق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر وقت کی ضرورت کے مطابق یہ ڈاکیومنٹری بنائی جو ہمارے دل جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ اگر راوا فلمز سندھ پولیس کے مزید منصوبوں پر کام کرنا چاہے تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز “PSX: The Police Story” نامی اس ڈاکیومنٹری کا پریمیئر کراچی کے ارینا سنیما میں ہوا، جس میں آئی جی سندھ سمیت پولیس افسران، ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف) کے جوان اور وہ اہلکار بھی شریک ہوئے جنہوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا تھا۔ یہ فلم اب RAVA Documentary Films کے یوٹیوب چینل پر بھی دستیاب ہے۔