غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، مزید 50 شہید

غزہ پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 بچے بھی شہید ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق غزہ شہر کے مرکز میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی جاری ہے، جبکہ زمینی آپریشن میں اب تک 1700 کثیر المنزلہ عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔غزہ سٹی سے ساڑھے چار لاکھ سے زائد فلسطینی نقل مکانی کر چکے ہیں اور شہر چھوڑنے والے افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 80 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔دوسری جانب عالمی سطح پر فلسطین کے حق میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا اور کینیڈا کے بعد پرتگال نے بھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پرتگال کی وزارت خارجہ کے مطابق 21 ستمبر کو باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مزید کئی ممالک فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے۔