کراچی بی آر ٹی گرین بس منصوبے کی توسیع کا کام روک دیا گیا

کراچی کے شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے والی بی آر ٹی گرین بس کے توسیعی منصوبے سے متعلق بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نمائش چورنگی سے جامع کلاتھ تک توسیع منصوبے کے تحت جاری تعمیراتی کام روک دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کراچی میونسپل کارپوریشن نے کنٹریکٹرز کو ایم اے جناح روڈ پر کام سے روک دیا اور پاکستان انفرااسٹرکچر کمپنی لمیٹڈ (پی آئی ڈی سی ایل) کو بھی خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے۔پی آئی ڈی سی ایل حکام کے مطابق 2017 میں ایم اے جناح روڈ پر تعمیرات کی اجازت دی گئی تھی اور بڑے منصوبوں کے لیے جاری ہونے والی این او سی کی کوئی مدت نہیں ہوتی۔ حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے پر کام شروع کرنے سے قبل جولائی 2025 میں تمام متعلقہ اداروں کو باقاعدہ مراسلہ بھیجا گیا تھا۔تاہم میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مؤقف اپنایا کہ سات سال پرانی این او سی پر اب کام شروع کیا گیا ہے، جبکہ ایم اے جناح روڈ شہر کی اہم ترین شاہراہ ہے جس پر تعمیراتی سرگرمیاں شہریوں کو متاثر کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق منصوبے پر عمل درآمد سے قبل متبادل راستوں کی تعمیر ضروری تھی۔یاد رہے کہ کراچی بی آر ٹی گرین لائن منصوبہ وفاق نے 2016 میں شروع کیا تھا، جو ابتدائی طور پر سرجانی ٹاؤن سے ٹاور تک تھا۔ بعد ازاں اس کو محدود کر کے جامع کلاتھ مارکیٹ تک کر دیا گیا، مگر 2021 میں منصوبہ نمائش چورنگی تک مکمل ہوا اور اسی سال اس کا افتتاح کیا گیا۔رواں سال کے آغاز میں گرین لائن بس کا انتظام سندھ حکومت کو منتقل کیا گیا تھا، اور کئی سال کے تعطل کے بعد حال ہی میں اس کے توسیعی حصے پر کام شروع کیا گیا تھا، جو ایک بار پھر رک گیا ہے۔