سعودی عرب کا 95واں یومِ وطنی، 23 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان

ریاض: سعودی عرب میں وزارت افرادی قوت و سماجی ترقی نے مملکت کے 95ویں یومِ وطنی کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منگل، یکم ربیع الثانی 1447ھ، مطابق 23 ستمبر 2025 کو سرکاری، نجی اور غیر منافع بخش اداروں میں عام تعطیل ہوگی۔یومِ وطنی سعودی عرب کا قومی دن ہے جو ہر سال بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں تقریبات، آتش بازی اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ادھر پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب دشمن کے سامنے صف آرا اور شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں سعودی وزیر دفاع کا ٹویٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاک سعودی تاریخی اسٹرٹیجک دفاعی معاہدہ دونوں برادر ممالک کی تاریخ کا اہم موڑ ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ “دو برادر ملک دشمن کے سامنے صف آرا اور شانہ بشانہ ہیں، رب العزت کے سائے میں مشترک دشمن کے مقابل آئیں گے۔ ان شاء اللہ پوری امت متحد ہوگی۔ پاکستان زندہ باد، مسلم امہ پائندہ باد۔”