محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی، قومی اسمبلی کمیٹی کا سخت ردعمل

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم و مرطوب رہے گا جبکہ چند علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا میں عمومی طور پر خشک موسم رہے گا، البتہ سوات، شانگلہ اور بونیر میں بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم و مرطوب رہے گا جبکہ سکھر، گھوٹکی اور تھرپارکر میں بارش کی پیشگوئی ہے۔ بلوچستان میں جزوی ابرآلود اور مرطوب موسم رہے گا اور ژوب، بارکھان اور لسبیلہ میں بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کے اجلاس میں محکمہ موسمیات کی غلط پیشگوئیوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین محمد عتیق انور نے کی۔رکن کمیٹی میر منور علی نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی زیادہ تر پیشگوئیاں غلط ثابت ہوتی ہیں، ایک بار چار دن بارش کی پیشگوئی کی گئی لیکن ایک قطرہ بھی بارش نہیں ہوئی۔رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ موسمیات جس دن بارش کی اطلاع دیتا ہے، اس دن بارش نہیں ہوتی اور جس دن کہتا ہے بارش نہیں ہوگی، اس دن بارش ہو جاتی ہے۔