سری لنکن آل راؤنڈر دونیتھ ویلالاگے کے والد انتقال کر گئے

کولمبو: سری لنکا کے آل راؤنڈر دونیتھ ویلالاگے کے والد، سورنگا ویلالاگے، دل کا دورہ پڑنے کے باعث جمعرات کی رات انتقال کر گئے۔کرک انفو کے مطابق سورنگا ویلالاگے کو کولمبو میں دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ اس وقت دونیتھ ویلالاگے ابوظبی میں افغانستان کے خلاف ایشیا کپ کا میچ کھیل رہے تھے۔ میچ ختم ہونے کے بعد ہیڈ کوچ اور ٹیم مینجمنٹ نے انہیں والد کے انتقال کی اطلاع دی، جس کے بعد وہ فوراً وطن واپس روانہ ہوگئے۔اس واقعے کے بعد ویلالاگے کی ایشیا کپ میں مزید شرکت مشکوک ہوگئی ہے، جبکہ سری لنکا کو ایونٹ میں اب بھی تین میچ کھیلنے ہیں۔ 20 ستمبر کو بنگلہ دیش، 23 ستمبر کو پاکستان اور 26 ستمبر کو بھارت کے خلاف میچ شیڈول ہیں۔یہ میچ ویلالاگے کا صرف پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ تھا۔ انہوں نے اب تک 31 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں، جن میں اگست 2024 میں بھارت کے خلاف 27 رنز دے کر 5 وکٹیں ان کی کیریئر بیسٹ کارکردگی ہے۔ویلالاگے نے 2023 کے ایشیا کپ میں بھی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا، بھارت کے خلاف 40 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں اور پورے ٹورنامنٹ میں 17.90 کی اوسط سے 10 وکٹیں لے کر مشترکہ طور پر دوسرے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر رہے تھے۔