برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کا ڈارک ویب کے ذریعے جاسوس بھرتی کرنے کا نیا طریقہ

لندن: برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 نے روس سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں نئے جاسوسوں کی بھرتی کے لیے نیا طریقہ اپنایا ہے اور اس مقصد کے لیے ایک آن لائن پورٹل متعارف کرایا ہے۔العربیہ انگلش پر شائع بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق ایم آئی 6 کا نیا پورٹل ’’سائلنٹ کورئیر‘‘ ڈارک ویب کے ذریعے بھرتی شدہ افراد کو ایجنسی سے محفوظ طریقے سے رابطہ کرنے اور خفیہ پیغامات بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گا۔وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق ایم آئی 6 کے سبکدوش ہونے والے سربراہ رچرڈ مور اپنی الوداعی تقریر میں اس پورٹل کا باضابطہ اعلان کریں گے۔ ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ اپنے سرکاری یوٹیوب چینل پر اس پورٹل کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ بھرتی ہونے والے افراد دہشتگردی، دشمن ریاستی انٹیلی جنس سرگرمیوں اور عالمی عدم استحکام سے متعلق معلومات شیئر کر سکیں۔وزارت خارجہ نے کہا کہ ایسے لوگ جو حساس معلومات رکھتے ہیں، وہ آن لائن ایم آئی 6 سے براہِ راست رابطہ کریں، ہمارے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں۔رپورٹ کے مطابق جاسوسی کرنے کے خواہشمند افراد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹور (TOR) براؤزر اور قابل اعتماد وی پی این (VPN) استعمال کریں اور ایسی ڈیوائس سے رابطہ کریں جو ان سے ذاتی طور پر منسلک نہ ہو۔ایم آئی 6 کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب ایجنسی نے ڈارک ویب کا استعمال کیا ہے تاکہ روس اور دیگر ممالک میں موجود اپنے ذرائع کو محفوظ بنایا جا سکے۔ یہ طریقہ کار امریکی سی آئی اے کے ماڈل سے ملتا جلتا ہے، جس نے 2023 میں روسی جاسوسوں کو راغب کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر ویڈیوز شائع کی تھیں۔واضح رہے کہ رچرڈ مور ستمبر کے آخر میں ایم آئی 6 کے سربراہ کے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں جبکہ ان کی جگہ بلیز میٹریویلی ایجنسی کی پہلی خاتون سربراہ بنیں گی۔