دبئی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ایشیا کپ 2025 میں پاک بھارت میچ کے دوران بھارتی ٹیم کے مصافحہ نہ کرنے کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ کھلاڑیوں کا نہیں بلکہ بورڈز کا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف کا کہنا تھا کہ دبئی میں کھیلنا آسان نہیں ہے، امید ہے کہ آنے والے میچز میں پاکستان کے ٹاپ آرڈر بلے باز ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔ ایک صحافی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مصافحہ کے تنازع سے کھلاڑیوں کا کوئی تعلق نہیں، یہ براہِ راست بورڈز کے درمیان معاملہ ہے۔واضح رہے کہ 14 ستمبر کو دبئی میں ہونے والے پاک بھارت میچ کے دوران بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سلمان آغا سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔ اس کے علاوہ میچ ختم ہونے کے بعد بھی بھارتی ٹیم میدان میں مصافحے کے لیے نہ آئی اور براہِ راست ڈریسنگ روم چلی گئی، یہاں تک کہ دروازہ بھی بند کرلیا گیا۔دوسری جانب بھارتی کھلاڑیوں کے رویے پر پیدا ہونے والے تنازع پر بی سی سی آئی کا موقف بھی سامنے آگیا ہے۔ بی سی سی آئی ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم کا رویہ جان بوجھ کر نہیں تھا بلکہ کھلاڑیوں کی توجہ اگلے میچ پر مرکوز تھی، اس لیے رسمی کارروائی نہیں ہوسکی۔