ویٹیکن: کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام ایک بار پھر اپنی زمین سے زبردستی نکالے جا رہے ہیں اور ناقابلِ قبول حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پوپ لیو نے فلسطینی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوف اور غیر یقینی کے سائے میں جی رہے ہیں۔ انہوں نے جنگ بندی، مغویوں کی رہائی اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے احترام کے ساتھ فوری مذاکراتی حل پر زور دیا۔ادھر دوسری جانب اسرائیل نے امریکا کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ غزہ میں کسی معاہدے کا امکان نہیں ہے۔ العربیہ کے مطابق اسرائیل نے واضح کر دیا ہے کہ وہ عالمی دباؤ اور تنقید کے باوجود غزہ میں اپنی فوجی کارروائی کو وسعت دے گا۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے حماس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل کی شرائط نہ مانیں تو حملے مزید شدید ہوں گے۔ صرف پیر کی رات سے غزہ سٹی پر 150 سے زائد اہداف پر بمباری کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں شہری محفوظ مقامات کی طرف ہجرت پر مجبور ہو گئے ہیں۔