اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے دفاع نے یکجہتی اور برادرانہ تعلقات پر مبنی اہم پیغامات جاری کیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اردو، انگریزی اور عربی زبان میں الگ الگ پیغامات شیئر کیے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا:’’سعودیہ اور پاکستان جارح کے مقابل ایک ہی صف میں، ہمیشہ اور ابد تک‘‘۔دوسری جانب پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے سعودی ہم منصب کے بیان پر بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ:’’پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کی تاریخ کا یہ ایک اہم موڑ ہے۔ دونوں برادر ملک دشمن کے سامنے صف آرا اور شانہ بشانہ ہیں، انشااللہ پوری امت مشترکہ دشمن کے مقابل متحد ہوگی۔ پاکستان زندہ باد، مسلم امہ پائندہ باد‘‘۔ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف دفاعی تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو بھی نئی جہت دے گا۔