ٹوکیو: پاکستان کے جیولین تھرور ارشد ندیم آج ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں میدان میں اتریں گے جہاں ان کا مقابلہ بھارت کے اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑا سمیت دنیا کے دیگر ٹاپ ایتھلیٹس سے ہوگا۔کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 85.28 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ براہ راست فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، فائنل راؤنڈ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بج کر 23 منٹ پر ہوگا۔ارشد ندیم نے ابتدائی دو کوششوں میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھائی، پہلی تھرو 76.99 میٹر اور دوسری 74.17 میٹر رہی، تاہم تیسری باری میں انہوں نے بہترین فارم میں آتے ہوئے 85.28 میٹر کی تھرو کر کے نہ صرف کم از کم معیار (84.50 میٹر) پورا کیا بلکہ شائقین کو بھی پرجوش کر دیا۔بھارت کے نیرج چوپڑا نے بھی 84.85 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی، وہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم سے ایک پوزیشن پیچھے رہے۔ مجموعی طور پر 12 کھلاڑی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔شائقینِ کھیل ایک بار پھر کرکٹ کے بعد جیولین تھرو کے میدان میں پاک بھارت ٹاکرے کے منتظر ہیں۔