دبئی: بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے کویتی شہریت سے محروم ہونے والے بحرینی شہریوں کے لیے پاسپورٹ کی فوری تجدید کا حکم جاری کردیا۔ اس فیصلے کے بعد متاثرہ افراد نے مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔بحرینی میڈیا رپورٹس کے مطابق بادشاہ کی ہدایات پر متعلقہ حکام نے تمام شہریوں کو نئے پاسپورٹس جاری کر دیے ہیں، جس سے ان کے سفر کی آزادی یقینی بن گئی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شناخت اور نقل و حمل سے متعلق بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔بحرین نیوز ایجنسی کے مطابق شاہی فرمان کے تحت شہریوں کے پاسپورٹس کی فوری تجدید کی گئی تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے بیرونِ ملک سفر کر سکیں۔پس منظر رواں سال کے آغاز میں کویت نے ہزاروں افراد کی شہریت منسوخ کردی تھی، جن میں خواتین سمیت 4141 افراد شامل تھے۔ یہ فیصلہ کویتی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا۔کویتی وزیر داخلہ نے اس موقع پر وضاحت کی تھی کہ شہریت سے محروم افراد اپنی بنیادی مراعات سے محروم نہیں ہوں گے۔