اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی اے کو عہدے پر بحال کردیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو عہدے سے ہٹانے کا جسٹس بابر ستار کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انھیں عہدے پر بحال کردیا۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے کی برطرفی کے فیصلے کے خلاف اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد آصف اور جسٹس راجہ انعام امین منہاس پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت چیئرمین پی ٹی اے کے وکیل قاسم ودود عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ رٹ پٹیشن میں یہ مؤقف اپنایا گیا تھا کہ چیئرمین بطور ممبر پی ٹی اے تعینات نہیں ہوسکتے کیونکہ آسامی غلط مشتہر کی گئی تھی۔ تاہم 25 مارچ کو قواعد میں ترمیم کی جاچکی تھی اور کابینہ نے بھی ان کی منظوری دے دی تھی، جس کے بعد چیئرمین کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ اس کے باوجود پٹیشن دائر کردی گئی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد جسٹس بابر ستار کا فیصلہ معطل کردیا اور میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان کو چیئرمین پی ٹی اے کے عہدے پر بحال کردیا۔