وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیرآباد کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کے شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے خواتین، بزرگ شہریوں، معذور افراد اور طالب علموں کے لیے مفت الیکٹرک بس سروس کا اعلان کیا۔اے آر وائی نیوز کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ الیکٹرک بسوں میں وائی فائی اور موبائل چارجنگ کی سہولت بھی موجود ہوگی، اور ان بسوں میں متعلقہ افراد بغیر کسی فیس کے سفر کر سکیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میانوالی میں چند روز قبل الیکٹرک بس کا افتتاح کیا گیا، اور آج شہری ان بسوں میں سفر کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد گوجرانوالہ میٹرو کی تعمیر بھی شروع ہوگی، جسے لاہور کی میٹرو سے بہتر بنایا جائے گا۔مریم نواز نے سیلاب کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنجاب تاریخ کے بدترین سیلاب سے نمٹ رہا ہے، جس میں 100 کے قریب اموات ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب کے آغاز سے ہی وزیراعلیٰ اور کابینہ میدان میں ہیں اور دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل نہ کرتی تو بڑے نقصان کا خطرہ تھا۔ 25 لاکھ لوگوں اور لاکھوں مویشیوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ریسکیو اینڈ ریلیف ٹیمیں ابھی بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور پورے پنجاب میں عوام کی بحالی اور راشن و دواؤں کی فراہمی کے اقدامات جاری ہیں۔وزیراعلیٰ نے پاک فوج، بحریہ، پولیس، ریسکیو ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جب تک سیلاب متاثرین کا نقصان پورا نہیں ہوگا، وہ آرام سے نہیں بیٹھیں گی۔