لکھنؤ میں آن لائن گیمز میں 13 لاکھ روپے ضائع ہونے کے بعد 14 سالہ طالب علم نے خودکشی کر لی

اترپردیش کے شہر لکھنؤ میں چھٹی جماعت کے ایک 14 سالہ طالب علم یش کمار نے آن لائن گیم میں اپنے والد کے 13 لاکھ روپے ضائع ہونے کے بعد خودکشی کر لی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پیر کی رات پیش آیا۔ والد کو رقم ضائع ہونے کا اندازہ لگنے کے بعد بچہ شدید دباؤ میں آ گیا اور پھندا لگا کر اپنی جان لے لی۔ اہل خانہ اسے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس کے مطابق موہن لال گنج تھانے کے اہلکار موقع پر پہنچے اور بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی۔ پولیس نے بتایا کہ بچے کے موبائل فون میں آن لائن گیم کا کوئی ڈیٹا موجود نہیں تھا، ممکن ہے کہ بچے نے خود ڈیٹا حذف کر دیا ہو یا کسی اور نے ایسا کیا ہو۔