سیلاب متاثرہ فصلوں کے بعد کسانوں کے لیے خوشخبری

حالیہ سیلاب کے باعث ملک بھر میں لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، تاہم کسانوں کے لیے خوشخبری ہے کہ سندھ حکومت اگلے ہفتے کسانوں کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کرے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سے زرعی ٹیکس پر نظر ثانی کی درخواست کی گئی ہے تاکہ پریشان حال کسانوں کو مزید نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی کلیکشنز متاثر ہوئی ہیں، لیکن ہم اپنا ہدف حاصل کر لیں گے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کی، تاہم اگر اس پر مکمل عملدرآمد نہ ہوا تو ملک کو بڑا بحران درپیش ہو سکتا ہے۔مراد علی شاہ نے گندم کے بحران کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی گندم کی پیداوار 20 فیصد کم ہوئی ہے، اور دسمبر یا جنوری کے بعد گندم کی کمی محسوس ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کاشتکار کو اس کی فصل کی مناسب قیمت دی، تاکہ پروکیورمنٹ کے بجائے کسان خود فائدہ اٹھا سکیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سیلاب کے ایک ماہ پہلے ہی اقدامات شروع کر دیے گئے تھے۔ گڈو بیراج سے سیلاب گزر چکا ہے، سکھر پر اونچے درجے کا سیلاب موجود ہے، لیکن پانی کی سطح میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ اب سیلابی پانی ڈاؤن اسٹریم کوٹری کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح لوگوں کی جانیں بچانا ہے، تمام اضلاع میں عملہ تعینات ہے اور متاثرہ علاقوں سے لوگوں کا انخلا جاری ہے۔